سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم مئی کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے پاکستان پیپلزپارٹی محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ کرتی رہے گی ، آج مزدور ،کسان اورسرکاری ملازم سخت مشکلات کے شکار ہیں موجودہ سلیکٹڈ حکومت نے محنت کشوں کے حقوق غضب کر رکھے ہیں۔ پاکستان اسٹیل مل ، پی آئی اے اور ریلوے سمیت سرکاری صنعتوں میں کام کرنے والے محنت کش اپنی ملازمتوں کو خطرے میں دیکھ رہے ہیں۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید نے محنت کشوں کو یونین سازی کا حق دیا تاکہ یونین اجتماعی طور مزدوروں کے حقوق کیلئے آواز بلند کرتی رہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ آج کسان پریشان ہیں کیونکہ ان کے فصل اور محنت کی اجرت نہیں مل رہی۔، آصف زرداری نے کہا محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ محنت کشوں کے حق میں آواز بلند کی ،سابق صدر نے کہا پیپلزپارٹی کی حکومت نے صنعتی اداروں اداروں میں کام کرنے والے محنت کشوں کے بہبود کیلئے 25 ارب روپے رکھے تھے جو سابقہ حکومت نے چوری کر لیئے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت نے سرکاری صنعتی اداروں میں محنت کشوں کو حصہ دار بنایا تھا تاکہ وہ اپنے اداروں کو ترقی دیں اور نجکاری کی آڑ میں اپنے ادارے کو کسی کو ہڑپ کرنے نہ دیں۔، آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی ماضی کی طرح آج بھی محنت کشوں کے ساتھ ہے۔