صدر مملکت آصف علی زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے پارلیمانی سال کے آغاز پر تمام معزز ممبران کو انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ وزیر اعظم ، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو انتخابی کامیابیوں ، ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھ پر اعتماد کرنے اور دوسری بار صدر منتخب کرنے پر اراکین ِپارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کا تہہِ دل سے مشکور ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج پارلیمانی سال کے آغاز پر مستقبل کیلئے وژن کو مختصراً بیان کروں گا، ماضی میں بطور صدر میرے اہم فیصلوں نے تاریخ رقم کی اور بطور صدرِمملکت میں نے پارلیمنٹ کو اپنے اختیارات دینے کا انتخاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آج ہمارے ملک کو دانشمندی اور پختگی کی ضرورت ہے ، امیدہے اراکین ِپارلیمنٹ اختیارات کا دانشمندی سے استعمال کریں گے۔ صدر کا کردار ایک متفقہ اور مضبوط وفاق کے اتحاد کی علامت ہے ، تمام لوگوں اور صوبوں کے ساتھ قانون کے مطابق یکساں سلوک ہونا چاہیے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ میری رائے میں آج ایک نئے باب کا آغاز کرنے کا وقت ہے، آج کے دن کو ایک نئی شروعات کے طور پر دیکھیں اور اپنے لوگوں پر سرمایہ کاری کرنے ، عوامی ضروریات پر توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ ہمیں اپنے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے جامع ترقی کی راہیں کھولنا ہوں گی، ہمارے پاس ضائع کرنے کے لیے وقت نہیں ہے اور پولرائزیشن سے ہٹ کر عصرِ حاضر کی سیاست کی طرف بڑھنا ملکی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس ایوان کو پارلیمانی عمل پر عوامی اعتماد بحال کرنے کیلئے قائدانہ کردار ادا کرنا ہوگا اور اس ایوان کے ذریعے قوم کی پائیدار اور بلاتعطل ترقی کی بنیاد رکھی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری اختلاف ، پھلتی پھولتی جمہوریت کے مفید شور کو نفع ونقصان کی سوچ کے ساتھ نہیں الجھانا چاہیے اور ہمیں سوچنا ہوگا کہ اپنے مقاصد، بیانیے اور ایجنڈے میں کس چیز کو ترجیح دے رہے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ سیاسی ماحول کی از سرِ نو ترتیب کی جا سکتی ہے اور ہم حقیقی طور پر کوشش کریں تو سیاسی درجہ حرارت میں کمی لا سکتے ہیں ہم سب کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ ملک کیلئے سب سے زیادہ اہم چیز کیاہے اور مشکلات کو مواقع میں بدلنا ہم سب کی ذمہ داری ہے اور مضبوط قومیں مشکلات کو مواقع میں بدلتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قائدِ اعظم، شہیدذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر جمہوریت ، رواداری اور سماجی انصاف کے علمبردار تھے۔ قائدین کے وژن کو اپنا کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے ، قائدین کے وڑن کے مطابق باہمی احترام ، سیاسی مفاہمت کی فضا کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانا نا ممکن نہیں ، ملکی مسائل کے حل کیلئے بامعنی مذاکرات ، پارلیمانی اتفاق رائے درکارہے ، اور بنیادی مسائل کے حل کیلئے کڑی اصلاحات پر بروقت عمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کو 21ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ شہریوں کے سماجی حقوق ، گڈ گورننس کیلئے اصلاحات کو فروغ دینا ہوگا۔ سیاسی قیادت کو پسماندہ علاقوں کی خاص ضروریات کو ترجیح دینا ہوگی۔ حکومت نوکریاں پیدا کرنے ، مہنگائی کم کرنے ، ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کیلئے معاشی اصلاحات کرے گی، آئینی فریم ورک کے تحت وفاق اور صوبوں کے مابین مثبت تعاون اور مو ¿ثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ جامع قومی ترقی ، پالیسیوں پر عمل درآمد کیلئے صوبوں اور وفاق کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ عوامی فلاح کیلئے وفاقی نظام کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جاسکتا ہے اور معیشت کی بحالی کیلئے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا، غیر ملکی سرمایہ کاری لانا ہمارا بنیادی مقصد ہونا چاہیے اور حکومت کاروباری ماحول سازگار بنانے کیلئے جامع اصلاحات کے عمل کو تیز کرے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقامی ، غیرملکی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے پیچیدہ قوانین آسان بنانا ہوں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا قیام خوش آئند ہے۔ برآمدات متنوع بنانے، عالمی منڈیوں میں مصنوعات کی قدر بڑھانا ہوگی۔ ہمیں نئی منڈیوں کی تلاش کیلئے کوششیں تیز کرنا ہوں گی زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آبی و سمندری حیات، ٹیکسٹائل کے شعبوں میں موجود بے پناہ صلاحیت کو بروئے کار لایا جانا چاہیے۔ صدر مملکت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات بالخصوص 2022 کے سیلاب سے تباہی کا سامنا کرنا پڑا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے خطرات کم کرنے کیلئے ماحول دوست اور موسمیاتی طور پر پائیدار انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنا ہوگی، ماحول دوست اور صاف توانائی کو نیشنل انرجی مکس کا بنیادی حصہ بنانے کی ضرورت ہے اور ماحول دوست توانائی سے اقتصادی ترقی کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے توانائی سستی ہوگی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کی فراہمی ایک بنیادی حق ہے ، شعبہ تعلیم کی موجودہ صورتحال پر تمام حکومتوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور تسلیم کرنا ہوگا کہ پاکستان میں بچوں کی ایک بڑی تعداد اسکولوں سے باہر ہے، ہماری بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش ِنظراسکول نہ جاپانے والے بچوں کی تعداد بڑھ رہی ہے اور تمام صوبائی حکومتیں تعلیمی شعبے میں تبدیلی لانے کیلئے اصلاحات پر توجہ اور توانائی مرکوز کریں۔ پرائمری اور سیکنڈری تعلیم تک رسائی بہتر بنانے کے ساتھ معیار ِ تعلیم بھی یقینی بنانا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ شعبہ صحت کی از سر ِنو تعمیر ، بڑے پیمانے پر توسیع کی اشد ضرورت ہے، پرائمری اور سیکنڈری صحت کے بنیادی ڈھانچے ، انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی اور تمام شہریوں کی صحت کی معیاری خدمات تک رسائی یقینی بنانا ہوگی ۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آمدن کے بحران اور غذائی عدم تحفظ کی کئی وجوہات ہیں ، ہماری آبادی کا ایک بڑا حصہ غربت میں جارہا ہے اور ماحولیاتی تبدیلی کی وجہ سے عوام کی آمدن اور اثاثوں پر منفی اثرات مرتب ہوئے اور ضروریات ِزندگی کی بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے خاندانوں پر دباو ¿ میں اضافہ ہوا۔ صدر مملکت نے کہا کہ لوگوں کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے ، عوام کو زراعت، مویشیوں اور چھوٹے پیمانے کے کاروبار میں سرمایہ کاری کیلئے وسائل تک رسائی دینا ہوگی اور معاشرے کے نچلے طبقات کے تحفظ ، خودمختاری کیلئے کام کرنے والے سیاسی پس منظر سے تعلق ہونے پر فخر ہے ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو خواتین کے حقوق کی علمبردار تھیں ، شہید بے نظیر بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کے معاشی اور سماجی طور پر کمزور طبقات کے حقوق کیلئے کام کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر میں لاکھوں خواتین کی امداد کر رہا ہے اور بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کی مدد سے خواتین کو مالی امداد ، سماجی تحفظ اور چھوٹے کاروبار کیلئے سرمایہ فراہم کیا جارہا ہے ، خوشی ہے کہ غربت کے خاتمے کے پروگرام سے مستفید ہونے والوں کی تعداد 90 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور بے نظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے نیٹ ورک کو مزید پسماندہ خواتین تک پھیلانے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت امید ہے کہ نئی حکومت سماجی اور معاشی تحفظ کیلئے فعال طور پر کام کرے گی ، لڑکیوں کی تعلیم کے فروغ ، صحت ، ماں اور بچے کی غذائیت ، شرح اموات کم کرنے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کا عفریت ایک بار پھر اپنا گھناو ¿نا سر اٹھا رہا ہے ، دہشت گردی سے ہماری قومی سلامتی ، علاقائی امن و خوشحالی کو خطرہ ہے، پاکستان دہشت گردی کو ایک مشترکہ خطرہ سمجھتا ہے ، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے، پڑوسی ممالک سے دہشت گرد گروہوں کا سختی سے نوٹس لینے کی توقع رکھتے ہیں، دہشت گرد گروہ ہماری سیکورٹی فورسز اور عوام کے خلاف حملوں میں ملوث ہیں اور دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے قوم کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میری اہلیہ اور دو بار منتخب وزیر ِاعظم بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جان دی، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اتحاد اور تحریک پیدا کرنے میں کبھی بھی پیچھے نہیں رہوں گا، ہمیں اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر فخر ہے ، مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ ، قومی سرحدوں کے دفاع میں بے پناہ قربانیاں دی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، چین، ترکی اور قطر کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، امریکہ، یورپی یونین اور برطانیہ ہمارےتجارتی پارٹنر رہے ہیں، امید ہے کہ امریکہ ، یورپی یونین اور برطانیہ کےساتھ تعاون میں مزید اضافہ ہوگا اور میں مختلف شعبوں میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر چین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، پاک-چین پائیدار تزویراتی اور سدابہار دوستی خطے میں استحکام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم علاقائی امن ، روابط اور خوشحالی کے فروغ اور استحکام برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تکمیل سمیت مشترکہ اہداف کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ کام کرتےرہیں گے، ہم دشمن عناصر کو اہم منصوبے کو خطرے میں ڈالنے ، دونوں ممالک کے مابین مضبوط تعلق کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور چینی بھائیوں اور بہنوں کی سیکورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی طرف دلانا چاہتا ہوں ، آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کشمیری مسلمانوں کو اپنے ہی وطن میں اقلیت میں بدلنے کی بھارتی حکمت ِعملی کا حصہ ہے اور پاکستان بھارت کے یک طرفہ اقدامات کو مسترد کرتا ہے اور بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 5 اگست 2019 اور اس کے بعد لیے گئے تمام غیر قانونی اقدامات واپس لے ۔ حق ِخودارادیت کے حصول تک پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازع کا حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی کلید ہے ۔ صدر پاکستان نے کہا کہ پاکستان کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل ، اسرائیلی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر نسل کشی پر گہری تشویش ہے، پاکستان قابض اسرائیلی افواج کی کھلے عام بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ مجھے سیاسی قیادت، اداروں، سول سوسائٹی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں پر پورا اعتماد ہے، آپ ہماری قوم کو درپیش متعدد چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نمٹ سکتے ہیں، اپنے عوام کی استقامت پر میرا یقین غیر متزلزل ہے اور جب بھی ہم مشترکہ مقصد کیلئے متحد ہوئے ، ہم نے اپنے وعدوں کو پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ جانتا ہوں کہ ملک کو پیچیدہ سماجی ، ماحولیاتی اور معاشی چیلنجز کا سامنا ہے ، ہمارے مسائل پیچیدہ ضرور ہیں مگر ان کا حل ممکن ہے ، یقین ہے کہ اخلاقی اور سیاسی سرمایے کی بدولت ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں، صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا کہ آئیے ، ایک مزید خوشحال پاکستان کیلئے تعاون اور اتفاق رائے کے سیاسی اصولوں کاعملی مظاہرہ کریں اور مجھے یقین ہے کہ ایک نئے آغاز کے طور پر ہم ایک مضبوط اور خوشحال پاکستان کی منزل جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔