پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا سفیر بن کر اپنے علاقوں میں انتخابی مہم تیز کر دے۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید بھی 35 سال کی عمرمیں وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی انشااللہ35سال کی عمر میں وزیراعظم منتخب ہوں گے۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ظلم و جبر برداشت کیا مگر ملک چھوڑ کر نہیں بھاگی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ملک مشکلات کا شکار ہواتو پاکستان پیپلزپارٹی نے ہی ملک کو مشکلات سے نکالا اور اب بھی ملک کو مشکلات سے صرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے۔ اسلام آباد میں پارٹی کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی ضمانت ہیں اور مزدوروں اور کسانوں کی زندگیوں میں خوشحالی لائیں گے۔ سید نیر حسین بخاری نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے جو پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مہنگائی پر کنٹرول کرے گی اور عوام کے لئے بھی روزگار کے وسائل بھی پیدا کرے گی۔