سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداروں سے ہدایت کی ہے کہ وہ عام انتخابات کی تیاری شروع کر دیں۔ زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداروںنے پنجاب کے انتخابی حلقوں کے امیدواروں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ سابق صدر سے ملاقات کرنے والوں میں پنجاب کے قائم مقام صدر رانا فاروق سعید، جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی، شہزاد چیمہ، ثمینہ خالد گھرکی، امتیاز صفدر وڑائچ، سلیم حیدر، آصف بھاگٹ، تسنیم قریشی، عنایت علی شاہ، غلام فرید کاٹھیا، اسلم گِل، جمیل منج، سونیا خان، اعجاز احمد سماں اور دیگر شامل تھے۔