سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہوٹہ میں ایک بہت بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کہوٹہ آتے ہوئے سڑکوں پر لوگوں کو جئے بھٹو کے نعرے لگاتے دیکھا تو ثابت ہوگیا کہ کہوٹہ کے عوام پارٹی اور اس کی قیادت سے بے پناہ محبت رکھتے ہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ کہوٹہ کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور پارٹی سب سے پہلے یہ سڑک تعمیر کرے گی۔ صدر زرداری نے کہا کہ اس علاقے میں رہنے والے لوگوں کے مسائل کا علم ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت اس لئے کاٹے جا رہے ہیں کہ آپ کے پاس گیس نہیں ہے اور ہم آپ کو گیس فراہم کریں گے۔ ہم یونیورسٹی اور میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ یہاں ہسپتال بھی بنائیں گے۔ پی پی پی کے اقتدار میں آنے سے پہلے ملک ایک نا گفتہ بہ عالم میں تھا اور پی پی پی نے اسے اس حالت سے نکالا۔ اس لئے پی پی پی کے پاس اتنا تجربہ ہے کہ وہ موجود دلدل سے بھی نکلنے میں مدد کر سکتی ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ وہ اس خطے کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ انہوں نے راجہ انور کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے انہیں مہرین انور راجہ جیسی بہن دی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مہرین انور راجہ علاقے کی حمایت سے یہ انتخابات جیتے گی۔ صدر زرداری نے کہا کہ وہ مشکل وقت میں میرے ساتھ کھڑی رہیں۔ صدر زرداری نے کہا کہ کہوٹہ کے جیالوں کو ملک کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت کے لئے 8فروری کو تیر کے نشان پر مہر لگانی ہوگی۔