پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں بھٹو فاﺅنڈیشن کے چیئرمین بشیر ریاض نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بی بی آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔ بشیر ریاض جو بھٹو خاندان کے دیرینہ دوست ہیں نے بی بی آصفہ بھٹو زرداری کو قومی اسمبلی کی رکن منتخب ہونے اور حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، راجہ خرم پرویز اشرف، فیصل کریم کنڈی، فرزند علی وزیر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نئے منتخب سینیٹر مسعود حسن، رکن قومی اسمبلی میر غلام علی تالپور، رکن قومی اسمبلی علی جان مزاری، رکن قومی اسمبلی نصرت رفیق مہیسر، رکن سندھ اسمبلی شیراز راجپر اور این اے 59 تلہ گنگ سے پیپلزپارٹی کے ٹکٹ ہولڈر حسن سردار نے ملاقات کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی کو سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سینیٹ کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی نے پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیںاور ان کے مسائل حل کریں۔