سینیٹر فرحت اللہ بابرنے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب ٹینس کلب کی لیز منسوخ کرنے کا فیصلہ شر انگیز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے محترمہ بینظیر بھٹو شہید ٹینس کلب میں انٹرنیشنل اور نیشنل ٹورنامنٹ ہوتے رہے ہیں ۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ جمعہ کے روز سی ڈی اے کی طرف سے لیز منسوخ کرنا شہید محترمہ کے نام منسوب ادارے پر حملہ ہے ۔ سی ڈے عملے نے آج ہفتہ کے روز گراونڈ میں توڑ پھوڑ کی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے اسٹے آرڈر کو پھاڑ کر پھینک دیا ہے۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا کہ پہلے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنے کی سازش کی گئی تھی اور اب اسلام آباد میں ایمبیسی روڈ پر واقع گراونڈ کی لیز کی منسوخی محترمہ شہید سے منسوب ادارے پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید ٹینس ٹورنامنٹ گراونڈ پر حملہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید سے تعصب اور نفرت کا عمل ہے ۔