پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے غیرملکی دوروں کے ثمرات پاکستان کو ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان بہت جلد مشکلات سے نجات حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کا خزانہ خالی کرنے کے بعد اب مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ آٹا چور، چینی چور اور زرعی کھاد چور سمیت ادویات چور سب کے سب عمران خان کے فرنٹ مین تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کو جلا کر کرپشن کے ثبوت مٹائے گئے تاکہ بلین ٹری منصوبے کی آڑ میں کی گئی لوٹ مار سامنے نہ آئے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت ختم ہونے کے بعد الیکٹڈ حکومت وجود میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پہلی ترجیح عوام کے مسائل حل کرنا ہیں۔