بلاول ہاوَس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا کے سامنے بھارتی وزیراعظم مودی کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بی جے پی کے ردعمل کی مذمت کرتے ہوئے، ترجمانِ بلاول ہاؤس نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری عالمی سطح پر پاکستان کا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو گجرات کا قصائی قرار دینے پر ہندوستان میں صف ماتم بچھ چکی ہے۔ ترجمان بلاولِ ہاؤس سریندر ولاسائی کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری کے سامنے مسئلہ کشمیر پر پاکستانی مؤقف کو ایک بار پھر مزید مضبوطی سے رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فنڈنگ لینے والی پی ٹی آئی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرکے دراصل نمک حلالی کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرکے پی ٹی آئی اور بی جے پی دونوں ایک پیج پر آچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کی انتخابی مہم چلانے والے عمران خان کے مداح شخصیت پرستی سے باہر نکلیں اور پاکستان کیلئے بلاول بھٹو کا ساتھ دیں۔ ترجمان بلاول ہاؤس نے کہا کہ کل بروز اتوار پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ملک بھر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اظہار یکجہتی کے لئے مظاہرے کریں گے۔