اسلام آباد/ کراچی
سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے وہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کے حوالے سے نیند میں بھی غفلت نہیں کر سکتے سیاست میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ان کی رہنمائی کی تھی اور اب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی فلاسفی ان راہنمائی کر رہی ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا آئین اور جمہوریت کی خاطر محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے جن مشکلات کا سامنا کیا ہے آج تک کسی اور نے نہیں کیا ،
وہ صبر اور برداشت کی علامت تھیں انہوں نے انتہائی بہادری، صبر اور برداشت سے آمروں کے خوف کے
بت کو پاش پاش کردیا تھا ۔ آصف علی زرداری نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے وحشی اور سفاک آمروں کی بہادری سے مزاحمت کی تھی ، انہوں نے کہا کہ ہم میں وہ خون نہیں جو مشکلات کی آگ کی تپش سے موم کی طرح پگھل جائے بلکہ ایسے جبر کے حالات سے گزر کر ہم کندن بن جاتے ہیں یہ ہی ہمیں محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے سکھایا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا
جمہوریت کا تسلسل محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خوبصورت خواب تھا الحمدللہ میں نے محترمہ شہید کے اس خواب کی تکمیل کردی ہے انشاءاللہ موجودہ اسمبلیاں بھی اپنی مدت پوری کریں گی اور ملک مضبوط اور پائیدار جمہوریت کے راستے پر گامزن ہوگا ۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اداروں کی طرف سے سیاست سے لاتعلقی اور صرف
آئین پر عمل کرنے کا اعلان بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے خواب کی تعبیر ہے اس سے جمہوریت کو استحکام ملے گا اور ملک کی شاندار ساکھ قائم ہوگی ،
آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم اپنے ملک جنت بنانے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ہر طرح کی شدت پسندی سے پاک معاشرے جہاں علم کی روشنی ہو ، عوام برسر روزگار ہو، نوجوان کو آگے بڑھنے کے مساوی موقع ہوں ،خواتین ڈر اور خوف سے
آزاد ہوں اور معاشرے میں ان کا قابل احترام مقام ہو یہ ہوگا محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا پاکستان، ہم محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے اس خواب کی تکمیل کریں گے اور ضرور
کریں گے ۔