پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا جمہوریت پسند تدبر اور فلسفہ مفاہمت ملکی و عالمی سیاسی مشکلات کا قابلِ عمل لائحہ عمل اور دنیا کا مشترکہ میراث ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے دخترِ مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 15 ویں یومِ شہادت کے موقعے پر اپنے پیغام میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم انہیں ہر روز یاد کرتے ہیں اور ان کے فکر و ویژن سے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دور سے بہت آگے کا ادراک رکھنے والی ایک ایسی کرشماتی لیڈر تھیں، جو صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ کبھی نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان میں جمہوری جدوجہد کی معمار ہونے کے ساتھ ساتھ پسماندہ طبقات و اقلیتوں کے حقوق کی محافظ، خواتین کی ترقی اور خودمختار بنانے کی عملی جدوجہد کی علمبردار، شہری آزادیوں کی وکیل، وفاقی اکائیوں میں ہم آہنگی اور اتحاد کی داعی اور وفاق کی مضبوط علامت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بھی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریے کی کامیابی ہے کہ ملک میں آج جمہوری قوتیں ایک پیج پر ہیں اور ملک کو درپیش مشکلات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔ چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سوچ و فلسفہ پر سختی سے کاربند رہتے ہوئے ملک سے غربت، بھوک اور بیروزگاری کے خاتمے، روادری، مساوات اور بھائے چارے پر کھڑے معاشرے کے قیام اور پاکستان کو اسلامی دنیا کا رول ماڈل ایک مضبوط جمہوری وفاقی ملک بنانے کی جدوجہد جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور پارلیمان و جمہوریت کو مضبوط بناکر سماجی و معاشی انصاف کو یقینی بنائیں گے۔