اسلام آباد (21 جون 2022)
 پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسی پریس کانفرنس تھی جس میں نہ پریس والے تھے اور نہ ہی سوال و جواب ہو کیونکہ جھوٹوں کے سردار عمران خان اب میڈیا کا سامنا کرنے سے بھی بھاگ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولو اور متواتر بولو کی تھیوری پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن تو عمران کی جڑوں میں بیٹھی ہوئی ہے۔ ان کے والد کو کرپشن کرنے پر نوکری سے فارغ کیا گیا تھا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم کیسے مان لے کہ سلائی مشین سے علیمہ خان نے اربوں روپے بنائے۔ عمران خان خود حوالہ ہنڈی کے ذریعے لوگوں کو منی لانڈرنگ کرنے پر اکساتے رہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت بنانے کے بعد عمران خان نے تیزی سے معاشی ترقی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم شوکت خانم ٹرسٹ کو ملنے والے فنڈز کی فرانزک تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن چھپانے کے لئے کے پی کے جنگلات جلائے اور کرونا فنڈز میں 40ارب روپے کا گھپلا کیا۔