چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی سے عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے اور میئر کے انتخابات فوری کرائے جائیں۔ الیکشن کمیشن جیتے ہوئے امیدوار کا نوٹفکیشن فی الفور جاری کرے۔ کراچی میں مخصوص نشستوں کے انتخابی عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے۔ زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے کراچی کے صدر ٹاﺅن کی یونین کونسل 11 سے چیئرمین کا انتخابات جیتنے والے نجمی عالم نے ملاقات کے دوران انتخابات سے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اگر بلدیاتی انتخابات کے اگلے انتخابی عمل میں تاخیر ہوئی تو پاکستان پیپلزپارٹی احتجاج کا حق رکھتی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری سے وزیراعظم کے مشیر برائے کھیل اور سیاحت عون چودھری نے ملاقات کرکے چیئرمین پیپلزپارٹی کو ملک میں کھیل اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے ہونے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں پی ٹی آئی اور تحریک لبیک پاکستان سمیت مختلف آزاد امیدواروں نے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ملاقات اور پارٹی میں شمولیت کرنے والوں میں NA-78 نارووال سے تحریک لبیک پاکستان کے رہنما راشد محمود خان ، NA-96 میانوالی سے آزاد امیدوار رانا عزیز الرحمن ، بھکر سے پی ٹی آئی کے سابق ضلعی صدر اور سابق تحصیل ناظم اور NA-97 سے ٹکٹ ہولڈر محمد امجد خاوڑ، NA-93 خوشاب سے آزاد امیدوار محمد علی سانول، PP-82 خوشاب سے تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار ڈاکٹر ناصر خان اعوان ، خوشاب سے آزاد امیدوار محمد صغیر اعوان ، PP-48 بھکر سے آزاد امیدوار ملک انضر علی خاوڑ، تلہ گنگ کے سابق سٹی ناظم قاضی محمد الطاف، میانوالی پپلاںسے پی ٹی آئی رہنما ایم تاج اعوان اور بھکر سے سلیم رضا خاوڑ، تحریک لبیک پاکستان ضلع بھکر کے رہنما رانا صفدر دلشاد اور ضلع بھکر کے تحصیل دریا خان کے سابق ناظم ملک نذر عباس خاوڑ، نواب آف کالا باغ ملک وحید کے صاحبزادے ملک امیر محمد خان شامل ہیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مختلف سیاسی جماعتوں سے پاکستان میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماﺅں کو خوش آمدید کہا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے گلگت بلتستان کے پیپلزپارٹی کے رہنما مرحوم دلبر خان کے صاحبزادوں راجہ نظام الدین، رحمت حسین اور غلام حسین ملاقات کی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے حاجی دلبر خان کے صاحبزادوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حاجی دلبر خان ہماری پارٹی کے اثاثہ تھے ان کی ثابت قدمی اور وفاداری ناقابل فراموش ہے۔ اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، فیصل کریم کنڈی، قمر زمان کائرہ، رانا فاروق سعید، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، فیصل میر، آصف بھاگت، سجادالحسن، جمیل منج، ندیم کائرہ اور جمیل احمد بھی موجود تھے۔