پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے ہمیں درس ملتا ہے کہ عظیم مقاصد کی خاطر بڑی قربانیاں دینا پڑتی ہیں اور بالآخر فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ امام حسین نے اپنی اور اپنے پیاروں کی جانیں قربان کرکے سکھایا کہ حق کے ساتھ کھڑا ہونے والا سر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امام حسین کے تمام رفقا بشمول ان کی ہمشیرہ بی بی زینب کا حوصلہ، صبر و استقلال اور تدبر بھی مشعلِ راہ ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو امامِ حسین کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے قیام کے بعد اپنے دور کے ہر یزید کے خلاف جدوجہد کی ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں۔ ملک و معاشرے میں یزیدی سوچ کسی بھی شکل میں ہو، یوم عاشور پر ہم اس کے خلاف مزاحمت کا عہد دہراتے ہیں، کیونکہ حسینیت ظالم سے لڑنے اور مظلوم کا ساتھ دینے کا نام ہے۔