اسلام آباد( 15 اگست 2022)
پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عمران خان امپورٹڈ سیاستدان ہے جو جوکر بن کر ملک کو تماشہ بنا رہا ہے۔ ایک طرف استعفوں کا ڈرامہ کرتا ہے اور دوسری طرف 9حلقوں سے انتخابات بھی لڑتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان انتخابات اسمبلی میں آنے اور عوام کی نمائندگی کرنے کے لئے نہیں بلکہ ان حلقوں کے عوام کو نمائندگی کے حق سے محروم کرنا چاہتا ہے اور ووٹ کا تقدس بھی پامال کرنا چاہتا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قوم کا وقت اور ووٹ ضائع کرنے کا تماشہ بند کرے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے دماغی توازن کا معائنہ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی فنڈنگ سے انتخابات لڑنا قانون کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی انتشار پھیلانے کے لئے عمران خان کی غیرملکی فنڈنگ ہوتی رہی ہے۔