سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شہید شاہنواز بھٹو کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ ایک بہادر، جمہوریت پسند رہنما تھے۔ شہید شاہنواز بھٹو کی شہادت بھٹو خاندان اور اس کے عقیدت مندوں کے لیے بہت بڑا سانحہ تھا۔ صدر زرداری نے کہا کہ شہید شاہنواز بھٹو نے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھی۔ گڑھی خدا بخش کا قبرستان ملک اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کا گھر ہے۔جمہوریت کا چمکتا سورج ہمیشہ گڑھی خدا بخش کے قبرستان سے طلوع ہوا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم جمہوریت کے لیے جانیں قربان کرنے والوں کی جدوجہد کی تکمیل ہے۔ صدر زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کے مطابق جمہوری، خوشحال اور باوقار پاکستان کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔