پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 1983ع میں ضلع دادو کے شہر خیرپور ناتھن شاہ میں جنرل ضیاء رجیم کے ہاتھوں شہید ہونے والے 11 جیالوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے سانحہ خیرپور ناتھن شاہ کی 40 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ خیرپور ناتھن شاہ کے جیالوں کو جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کرنے پر شہید کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید عبدالغنی ابڑو، شہید عبدالعزیز لاکھیر، شہید نظام الدین نائچ، شہید عبدالنبی کھوسو، شہید اللہ ورایو لانگاہ، شہید شاہنواز کھوسو، شہید حبیب اللہ لغاری، شہید دیدار کھوکھر، شہید ضمیر حسین جاگیرانی، شہید اعجاز حسین کھونہارو اور شہید منظور احمد چانڈیو ہماری دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں نے اپنے خون سے سینچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم آر ڈی کی تحریک کے دوران شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زیر قیادت جیالوں نے جس عزم، حوصلے، استقلال اور اٹل ارادے سے جدوجہد کی اور قربانیاں دیں، وہ بے مثال اور لازوال ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ایم آر ڈی کی تحریک کا مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں معلوم ہو کہ جمہوریت کے لیے ان سے پہلے کی نسلوں نے کتنی بڑی قربانیاں دیں ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت خیرپور ناتھن شاہ کے شہداء کی قربانیوں کو رائیگان جانے نہیں دے گی، اور ملک میں جمہوریت کے استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا اور آئین کی بالادستی کی حفاظت کرتی رہے گی۔