پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے چین کے سابق وزیراعظم لی کیکیانگ کی وفات پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ صدر زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں چین کے مرحوم وزیراعظم کے پہلے دورہ پاکستان (2013) یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر انہیں نشان پاکستان سے نوازا گیا تھاا ور یہ ایوارڈ چین اور پاکستان کی دوستی کے مظہر کے طور پیش کیا گیا تھا۔ چینی وزیراعظم نے اپنے پہلے بیرونی دورے پر پاکستان آنے کا انتخاب کیا تھا جو پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ یہ وہ وقت تھا جب صدر زرداری کی جانب سے سی پیک کا آئیڈیا پیش کیا تھا جو کہ اب دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعاون کی تعبیر بن چکا ہے۔ 2013ءمیں چینی وزیراعظم کے دورے کے موقع پر متعدد دستاویزات پر دستخط کئے گئے تھے جن میں تجارت، معیشت، تعلیم اور انفراسٹریکچر کے منصوبے شامل تھے۔ چینی وزیراعظم کی وفات کے موقع پر صدر زردارنی نے کمیونسٹ پارٹ آف چین، چینی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔