پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سستی شہرت کے لئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش نہ کریں۔ سراج الحق کو چاہیے کہ پیپلزپارٹی کے آئی پی پیز سے کئے گئے معاہدوں کی معلومات حاصل کریں کیونکہ انہیں پتہ ہی نہیں کہ پیپلزپارٹی نے آئی پی پیز سے فی یونٹ بجلی کی کتنی رقم کا تعین کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی آئی پی پیز معاہدے نہ کرتی تو ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہوتا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دور میں ملک بجلی کی پیداوار میں خودکفیل ہو گیا تھا۔ بجلی کی پیداوار فاضل ہو چکی تھی اور دوسرے ممالک سے بجلی کے فروغ کے معاہدے ہونے والے تھے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آئی پی پیز معاہدوں کے ساتھ ہر صوبے میں صنعتی زون قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ بدقسمتی سے پیپلزپارٹی کی حکومت کے بعد غیرملکی سرمایہ کاروں کو مار مار کر ملک سے بھگایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر پورے ملک میں صنعتی زون قائم ہو جاتے تو آج ملکی معیشت مضبوط ہوتی۔ فیصل کریم کنڈی نے سراج الحق کو مشورہ دیا کہ پیپلزپارٹی کے معاہدوں کا دیگر حکومت سے موازنہ کریں۔ انہوں نے سراج الحق سے سوال کیا کہ جب آپ عمران نیازی کی حکومت میں خیبرپختونخوا کے سینئر وزیر تھے تب کے پی میں کونسا انقلاب لائے تھے۔