سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے فلسفے کے روح کے مطابق ملک کو جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے پر ثابت قدم ہے ، آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کا قومی ترانہ قائداعظم کے فلسفے کی عکاسی کرتا ہے جس میں طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا گیا ہے، سابق صدر نے کہا کہ بانی پاکستان جمہوریت پسند اور روشن خیال قائد تھے وہ انسانی اور مذہبی آزادی کے وکیل تھے ، آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی قائداعظم کے بنائے ہوئے ملک میں اظہار رائے کی آزادی، سیاسی اور مذہبی آزادی کا دفاع کرتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ قائد عوام بھٹو شہید کا بنایا ہوا 1973 کا آئین وطن کی بقا اور سلامتی کا ضامن ہے، آصف علی زرداری نے کہا ایک مخصوص سوچ مذہب کی آڑ لیکر ملک اور معاشرے پر اپنی سوچ مسلط کرنا چاہتی ہے جو قائداعظم کے فلسفے کے برعکس ہے جس کی کسی صورت میں اجازت نہیں دی جا سکتی۔