اسلام آباد (19 مئی 2022)
پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ عمران خان بزدلوں کی طرح خواتین اور بچوں کو ڈھال بنا رہے ہیں ۔ انہیں چاہیے کہ بہادروں کی طرح سیاست کریں ۔ ایک جاری کردہ بیان میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ عمران خان نے ساری زندگی اپنی چوری چھپانے کی کوشش کی ہے۔ زکواة او رخیرات کے پیسے چوری کرنے سے لے کر کورونا فنڈ سے 40ارب روپے کی چوری کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چور مچائے شور کی واردات پر عمل پیرا ہیں۔ ان کی حکومت نے ایل این جی کی خریداری میں قومی خزانے کو ساڑھے چھ سو ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ گندم اور چینی کا بحران پیدا کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا۔ ریاست مدینہ کی بات کرکے اپنے غیرقانونی محل کو ریگولرائز کروا کر لاکھوں غریبوں کے تجاوزات کی آڑ میں گھر مسمار کیے گئے۔ پاکستان اسٹیل ملز پر قبضہ کرنے کے لئے ملازمین کو برطرف کیا گیا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ عمران خان اپنی عوام دشمن سیاست پر پردہ ڈالنے کے لئے ہرروز ایک نیا جھوٹ بولتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو علم ہے کہ انہیں کرپشن اور آئین شکنی پر گرفتار کیا جا سکتا ہے اس لئے وہ گرفتاری سے بچنے کے لئے خواتین اور بچوں کو اپنے لئے ڈھال بنا رہے ہیں۔