اسلام آباد(31 اکتوبر 2022)
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سند یافتہ چور جی ٹی روڈ پر عوام کو ٹھگنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ صدر آصف علی زرداری پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف بولنے سے پہلے تمیز سے بات کرنا سیکھیں۔ فیصل کریم کنڈی نے سوال کیا کہ عمران خان بے گناہ تھے تو عدالتوں سے حکم امتناعی کیوں لیتے رہے اور ممنوعہ فارن فنڈنگ کیس میں چھ سال تک الیکشن کمیشن سے کیوں بھاگتے رہے؟ عمران خان نے ابھی تک مالم جبہ، بلین ٹری اور بی آرٹی میں میگا کرپشن کیسوں کی تحقیقات روکنے کے لئے حکم امتناعی لے رکھا ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان نے گندم اور چینی کا بحران پیدا کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ گندم چور، چینی چور، گیس چور، ادویات چور اور زرعی کھاد چور آج توشہ خانہ چور کے ٹرک میں سوار ہیں۔