اسلام آباد/کراچی (19 ستمبر 2022)
سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے شہید میر مرتضٰی بھٹو کے یوم شہادت کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ شہید میر مرتضٰی بھٹو کو ہیرو کے طور یاد رکھے گی کہ انہوں نے آمروں کے سامنے سر نہیں جھکایا وہ بہادر اور جمہوریت پسند رہنما تھے۔ سابق صدر نے کہا کہ قاتلوں نے میر مرتضٰی بھٹو کے قتل کیلئے کمال کی منصوبہ بندی کی تھی کہ قتل بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے بھائی کا ہوا اور حکومت بھی ان کی ختم کرکے انہیں سیاست سے بیدخل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ میر مرتضٰی بھٹو شہید نے اپنے انداز سے جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد کی اور جام شہادت نوش کیا۔، انہوں نے کہا کہ آج گڑھی خدا بخش بھٹو کا قبرستان شہیدوں سے آباد ہوکر گنج شہیداں بن چکا جہاں سے جمہوریت کا سورج خون کی لالی کے ساتھ طلوع ہوتا ہے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا میر مرتضٰی بھٹو شہید کو ایک حریت پسند کے طور یاد رکھے گی۔