اسلام آباد(19 ستمبر 2022)
وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کی دوبارہ بحالی کے لئے وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وزیراعلیٰ سندھ میدان میں ہیں جبکہ عمران خان ہر رات کو کنسرٹ کرکے موسیقی کی محفلیں سجا رہے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان بارش اور سیلاب کے متاثرین کے نام پر ٹیلی تھون کرکے چندہ جمع کر رہے ہیں مگر تاحال انہوں نے متاثرین کو نہ کوئی امداد پہنچائی ہے اور نہ ہی خود جانے کی تکلیف کی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جو شخص غریبوں اور یتیموں کے علاج کے لئے ملنے والی خیرات، زکواة اور صدقے کی رقم میں خردبرد کرے ان سے کیسے امید کی جا سکتی ہے کہ وہ بارش اور سیلاب کے متاثرین کی مدد کر سکتا ہے؟ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران ہر ہرروز 25کروڑ روپے خرچ کرکے کنسرٹ کرتے ہیں۔ یہ پیسہ خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کا پیسہ ہے۔