سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے سانحہ کار ساز کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنی عظیم قائد محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے مشن کی تکمیل کرتے ہوئے 1973 کے آئین کو اصل صورت میں بحال کیا ،سوات میں دوبارہ قومی پرچم سربلند کیا ،صوبوں کو خودمختاری مختاری دی ،گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے عوام کو شناخت دی۔ غریب اور مستحق خواتین کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ریاست کے ثمرات میں حصہ دار بنایا۔ سابق صدر نے کہا کہ ہماری جدوجہد اس روشن صبح کیلئے ہے جب ہر نوجوان بر سر روزگار ہوگا ، معاشی اور سماجی طور کمزور طبقات کو معاشی اور سماجی انصاف مہیا ہوگا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر پاکستان پیپلزپارٹی نے آمروں کی طرف سے پارلیمنٹ سے چھینے ہوئے اختیارات پارلیمان کو واپس دلوائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر نے کہا کہ آج ملک کا پسماندہ علاقہ تھرکوئلے سے بجلی پیدا کر کے ملک کوروشن کرنے میں اپنا حصہ ڈال کر بتا رہا ہے یہ روشنی بھی محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا ۔ آصف زرداری نے سانحہ کار ساز کے بہادر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ان کی بہادری، وفاداری اور ثابت قدمی کا دنیا کی سیاسی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی جنہوں نے بم دھماکوں سے بے خوف ہوکر اپنی عظیم بہن اور قائد کی حفاظت کی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ آج محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور ان کے ہزاروں جیالوں کے خون سے جمہوریت قائم ہے۔ پیپلزپارٹی عہد کرتی ہے چاہے کچھ بھی ہو جائے جمہوریت پر آنچ نہیں آنے دیگی۔ سابق صدر نے کہا کہ 18 ویں آئینی ترمیم ملک کی سالمیت اور بقاءکی ضمانت ہے۔