اسلام آباد (22 دسمبر 2022)
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خطاب نے مودی کو بے نقاب کرکے انتہاپسند بی جے پی کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے سر کی قیمت رکھ کر بی جے پی نے شدت پسند ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کے خود ساختہ وکیل عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں مودی کو ظلم کرنے کا حوصلہ دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا میں بلاول بھٹو زرداری کے مقبوضہ کشمیر کے متعلق بیانیہ کو پذیرائی ملی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری آج دنیا بھر میں آباد کشمیریوں کی دل کی دھڑکن ہے۔ کشمیری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بلاول بھٹو زرداری کی سلامتی کے دعا گو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے بلاول بھٹو زرداری کے روپ میں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو زشہید واپس آگئے ہیں