چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زردارنے فلسطین کے سفارتخانے میں فلسطین کے سفارتکار احمد جواد امین ربعی سے ملاقات کرکے غازہ کی صورتحال اظہار تشویش کیا۔ ملاقات کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان اس کٹھن وقت میں فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے فلسطینی قیادت سے مل کر عالمی دنیا میں فلسطین کا مقدمہ لڑا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں سینکڑوں فلسطینی بچوں کی شہادت انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے۔ اسرائیل نے ہسپتال پر بمباری کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کا وجود دنیا کے لئے سکیورٹی رسک ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی رہنما نے فلسطین کاذ کے لئے جدوجہد کرنے والے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو گڑھی خدا بخش پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا تھا۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمن اور سابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی چیئرمین پیپلزپارٹی کے ہمراہ تھے۔