رہنما پاکستان پیپلزپارٹی وزیرمحنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ تھرکول سے بجلی کی پیداوار محترمہ شہید بینظیر بھٹو کے خواب کی تعبیر ہے۔ صدر آصف علی زرداری کی انتھک محنت کی وجہ سے تھرکول منصوبہ کامیابہ ہوا۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا “تھر بدلے کا پاکستان” کا نعرہ سچ ثابت ہوا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپنے مخالفین کی طرف سے کی جانے والی الزام تراشی کا جواب عوام کی خدمت سے دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی بی ڈی ہسپتالوں کی طرح ملک میں کوئی دوسرا ہسپتال نہیں ہے۔ سندھ واحد صوبہ ہے جہاں کینسر، دل، جگر اور گردوں کے امراض کا مفت علاج ہوتا ہے۔ نا صرف پورے ملک بلکہ بیرون ملک رہنے والے لوگ مفت علاج کے لئے سندھ آرہے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ تھرکول منصوبے میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو ناکامی ہوئی ہے کیونکہ پیپلزپارٹی کی قیادت تھر کول سے بجلی کی پیداوار پر نیک نیتی سے کام کر رہی تھی۔ سعید غنی نے کہا کہ آج سے قبل تھر کے لوگ روزگار کے لئے تھر سے باہر جاتے تھے اب لوگ روزگار کے لئے تھر کا رخ اختیار کر رہے ہیں۔