وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے عمران نیازی کی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی نے جھوٹ بولنے میں ہٹلر کے مشیر گوئبلز سے ٹریننگ لی ہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ تعجب کی بات ہے کہ پتھراﺅ عمران پر ہوتا ہے ٹوٹتی اور جلتی پولیس کی گاڑیاں ہے اور زخمی پولیس والے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ میڈیا کے کیمرے جھوٹ بول رہے ہیں؟ شازیہ مری نے کہا کہ عدالت کے حکم پر عمران نیازی کو فول پروف سکیورٹی دی گئی تھی۔ عمران نیازی موٹروے سے اترنے کے بعد ڈانڈا بردار لشکر اکٹھا کرتا رہا۔ شازیہ مری نے سوال کیا کہ عمران مہذب شہری کی طرح عدالتوں میں پیش کیوں نہیں ہوتا؟ مجرم اور جرائم پیشہ عناصر عمران نیازی کی طرح ایسے ہی طرز عمل سے عدالتوں پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران نیازی قانون توڑ کر کہتا ہے کہ میں نے کبھی قانون نہیں توڑا۔ یہ شخص ملک کے عدالتی نظام کو مفلوج کر رہا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ عدالتی نظام کو مجرموںاور غنڈوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔