وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سیکریٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کی حامی ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ سیاسی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ اس سلسلے میں پارٹی قیادت میں سید یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں ایک کمیٹی بھی ترتیب دی ہے جو مختلف پارٹیوں کے لیڈران سے ملاقاتیں کر چکی ہے، اس کا سلسلہ ابھی جاری ہے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس حوالے سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی تھی۔ شازیہ مری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا یہ کام نہیں ہے کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات کو مانیٹر کرے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی قومی اسمبلی سے خود بھاگ گئے تھے۔ انہیں علم تھا کہ عدالتی بیساکھیوں پر کھڑی پنجاب حکومت ڈھیر ہونے والی ہے تو انہوں نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تڑوائیں۔ شازیہ مری نے کہا کہ صرف پنجاب میں انتخابات وفاق کی سالمیت کے خلاف گھناﺅنی سازش ہے۔ قومی اسمبل اور دو صوبوں کی اسمبلیوں کی مدت پوری کرنا آئینی تقاضا ہے۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ عمران نیازی کی ذہنی کیفیت پل پل میں تبدیل ہوتی ہے۔