مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہندوستان کی جانب سے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر کے جی ٹونٹی اجلاس کے انعقاد کے خلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کے وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آزادجموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد پہنچ گئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا ہیلی پیڈ پر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین، قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر،سیکرٹری جنرل پی پی پی آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، ممبران اسمبلی میاں عبدالوحید، سید بازل علی نقوی،سردار جاوید ایوب، نبیلہ ایوب، چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر ڈاکٹر محمد عثمان چاچڑدیگر نے استقبال کیا۔ ہیلی پیڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیرمیں جی 20 کا اجلاس عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ بھارت ایک کانفرنس کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے یہ ممکن نہیں کہ وہ دنیا میں کوئی اہم کردار ادا کرسکے۔بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ ایک ایسے وقت میں جب ہندوستان جی ٹوئنٹی کا اجلاس مقبوضہ کشمیر میں کروارہا ہے، مجھے آزاد جموں کشمیر اسمبلی سے خطاب کی دعوت دی گئی ہے۔جو یہ سمجھتے ہیں کہ ایک کانفرنس کا انعقاد کرکے وہ مقبوضہ کشمیر کی آواز کو دباسکتے ہیں، ہم ان کو غلط ثابت کریں گے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھا رہے ہیں۔ میں کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں آیا ہوں۔انہوں نے کہاکہ 22 مئی کے روز کشمیریوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹوزرداری تین روزہ دورہ پر آزادجموں وکشمیر آئے ہیں۔ وزیر خارجہ کل سوموار کوآزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کریں گے اور میڈیا کو بریفنگ بھی دیں گے۔ وزیر خارجہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے اور منگل کو باغ میں احتجاجی جلسے سے بھی خطاب کریں گے۔