پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے شہرِ قائد کے میئر اور ڈپٹی میئر جیالے منتخب ہونے کو پارٹی کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور اس پیش رفت کو پورے پاکستان کی فتح قرار دیا ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے مرتضیٰ وہاب صدیقی کو کراچی کا میئر اور سلمان عبداللہ مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ کامیابی کراچی کے جیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حب میں نفرت اور تقسیم کی سیاست اپنے منطقی انجام کو پہنچی، اور بلاشبہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ شہرِ قائد کو حقیقی معنوں میں عروس البلاد بنائیں گے، اور کراچی اب ترقی، امن اور بھائے چارے کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ہر گلی، محلے اور علاقے کے بلدیاتی مسائل بلامتیاز حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرتضیِ وہاب اور سلمان عبداللہ مراد سمیت پاکستان پیپلز پارٹی کے تمام منتخب نمائندوں کے کندھوں پر اب بھاری ذمیداریاں ہیں، لیکن مجھے یقین ہے کہ ماضی میں کٹھن ترین حالات کا مقابلہ کرنے والے جیالے اب کی بار بھی اپنی ذمیداریاں احسن انداز میں نبھاکر ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔