سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا کہ شہید محترمہ کی بیٹی کا بحیثیت رکن قومی اسمبلی حلف اٹھانا جمہوریت کی ایک اور کامیابی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور شہید محترمہ کے چاہنے والوں کو مبارک ہو۔ انہوں نے کہا کہ تمام جمہوری سوچ رکھنے والے اور جمہوریت کے لئیے جدوجہد کرنے والوں کو اس اہم کامیابی کا بخوبی اندازہ ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ بی بی آصفہ کے حلف کے دوران سنی اتحاد کے اراکین کا شور سمجھ سے باہر اور قابلِ افسوس ہے جبکہ منتخب ہونے کے بعد حلف لینا آئینی عمل ہے۔ کل سنی اتحاد کے اراکین نے حلف کے آئینی عمل کو روکنے کی بیہودہ کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں عوام کے مسئلوں پر بات کرنے کے بجائے گالیاں بکنا اور بےجا تماشہ لگانا ان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت پر بات کرنے کی بجائے جوکروں کی طرح چھلانگیں لگانا عوام کی خدمت نہیں۔