مانسہرہ سے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے اور وزیر اعلیٰ کے پی کے مشیر زرگل خان یوسفزئی نے اسلام آباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سنٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر سے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر کے پی کے رہنما آصف اللہ خان اور نذیر ڈھوکی بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ زر گل خان یوسفزئی کے پی اسمبلی میں بلا مقابلہ کامیاب ہوئے تھے۔ وہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کے رکن اور ریجنل پریذنٹ بھی رہے۔ زرگل خان یوسفزئی نے صدر آصف علی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کے پی کے عوام کو شناخت دی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔ سینیٹر تاج حیدر نے زرگل خان یوسفزئی کی پیپلزپارٹی میں شمولیت پر خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ زرگل خان اپنے حلقے کے عوام کی بڑھ چڑھ کا خدمت کریں گے۔