پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین نے کہا ہے کہ مودی اور بھارت کے حوالے سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا بیانیہ سچ ثابت ہو چکا ہے۔ بھارت عالمی دنیا کے سامنے دہشتگرد ملک ثابت ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیر خارجہ پاکستان بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دنیا میں بھارت کی دہشتگردی کو بے نقاب کیا تھا۔ اپنے بیان میں چوہدری یاسین نے کہا کہ بھارت کینیڈا میں سکھ رہنما کو قتل کروا سکتا ہے تو مقبوضہ کشمیر میں کیا نہیں کر سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ مودی اور را کے سربراہ کو انصاف کے کٹہڑے میں لیا جائے۔ چوہدری یاسین نے کشمیری نوجوانوں سے کہا کہ وہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں۔ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم منتخب ہوں گے تو مقبوضہ کشمیر میں مودی کی بربریت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے عالمی دنیا کے سامنے مودی کو قصائی کے طور پر متعارف کرایا تھا۔ اب پوری دنیا مان رہی ہے کہ مودی واقعی قصائی ہیں انہوں نے معصوم انسانوں کا خون کیا ہے۔