پاکستان پیپلز پارٹی مینارٹی ونگ اسلام آباد کی طرف سے پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل سیکریٹریٹ اسلام آباد میں جڑانوالہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں سابق رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ، سید صبطل حسن بخاری، ملائکہ رضا، کیپٹن واصف سید، سیدہ ثمینہ سلام، قربان حیدر منگی، سہیل رومی، جبران گِل، فیاض بھٹی، لیاقت بھٹی، گلزاری بیگم ، نوشاد مینوئیل، دانیال کھوکھر اورجڑانوالہ سے عادل سلیم ناز بھٹی نے شرکت کی۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید مینارٹی کو برابر کے حقوق دئیے۔ صدر آصف علی زردار اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ مینارٹی کے حقوق کا دفاع کیا۔ سابق رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا کہ ہم جڑانوالہ کے سانحے کی مذمت کرتے ہیں اور اقلیتی کمیونٹی والے ہمارے بھائی بہن ہیں اور ان کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سنٹرل سیکریٹریٹ کے انچارج سید صبطل حسن بخاری نے کہا کہ جڑانوالہ سانحہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے اس مشکل وقت میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی انسانی حقوق سیل کی سیکریٹری جنرل ملائکہ رضا نے کہا کہ ہم جڑانوالہ سانحہ کی نہ صرف بھرپور مذمت کرتے ہیں بلکہ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس سانحہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور سانحے کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہڑے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ تقریب کے موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔