اسلام آباد (6 اگست 2022)
 پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے سانحہ پر ساری قوم دکھی اور غمزدہ ہے ایسے وقت میں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ونگز کا زہریلا پروپیگنڈا شرمناک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سیاست میں روبوٹ پیدا کئے جس کا ریموٹ کنٹرول بنی گالہ میں ہے۔ عمران خان ان روبوٹوں کے ذریعے ایک عرصہ سے قوم کو گمراہ کرتے رہے ہیں اور وہ قوم کو گمراہ کرنے کے مجرم ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آئین کی پاسداری کرتے ہوئے ادارے غیر جانبدار ہوئے تو عمران خان کو تکلیف ہوئی ہے کیونکہ عمران خان کی خواہش تھی کہ قومی ادارے ان کے ٹائیگر بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ فنڈز کے بل بوتے پر عمران خان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی بدزبانی نے معاشرے کو آلودہ کر دیا ہے۔