سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صدر آصف علی زرداری نے سندھ کے صوبائی وزراء سے ملاقات میں کہا کہ ملک کے چاروں صوبوں کو اس وقت بارشوں کی وجہ سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔ سیاست کے بجائے اپنے ان بھائیوں اور بہنوں پر توجہ دی جانی چاہیے جو موجودہ حالات سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ چاروں صوبوں میں متاثرین امداد کے لیے ہماری طرف دیکھ رہے ہیں۔ لیکن عمران خان کو اقتدار کے نشہ نے پاگل کر دیاہے۔ یہ شخص ہماری فوج، اس کے افسروں اور جوانوں پر روزانہ تنقید کر رہا ہے جب کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانیں دے رہے ہیں۔ یہ شخص فوج، پولیس اور پھر عدلیہ کی ایک خاتون مجسٹریٹ کو دھمکیاں دیتا ہے۔ عدلیہ کو دیکھنا ہوگا کہ یہ شخص قانون سے بالاتر ہے یا نہیں۔ یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ کیا اس شخص نے ہر قانون کو خود توڑتے ہوئے مجھے، میاں نواز شریف، میری بہن اور مریم نواز کو سیاسی طور پر نشانہ بنایا؟ اداروں اور حکومت کو اپنی رٹ قائم کرنا ہو گی ورنہ قانون، آئین اور ادارے اس شخص کے ہاتھوں رسوا ہوتے رہیں گے۔