اسلام آباد (14 ستمبر 2022)
سابق صدر مملکت اور صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری نے جمہوریت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جمہوریت ہماری روح ہے ہم جمہوریت کا علم کبھی بھی سرنگوں ہونے نہیں دیں گے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ جب کبھی بھی جمہوریت پر شب خون مارا گیا ہے اور ملک پرجبر کی تاریک رات مسلط کی گئی ہے، پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے اپنے خون سے چراغ روشن کرکے عوام کی رہنمائی کی ہے۔، آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے بانی قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید تھے جنہوں نے عوام کو سوچنے کیلئے شعور اور بولنے کیلئے زبان دی تھی ۔ سابق صدر نے کہا کہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو نے اپنا سارا گلشن جمہوریت کی خاطر قربان کردیا پاکستان میں جب بھی جمہوریت کا سورج طلوع ہوا ہے گڑھی خدا بخش بھٹو کے قبرستان سے خون کی لالی لیکر طلوع ہوا ہے۔آصف علی زرداری نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو شہید جمہوریت کی خاطر قید و بند برداشت کیا ، جبر اور تشدد برداشت کیا ان کی بہادری اور جدوجہد نے دنیا بھر میں جمہوریت کیلئے جاری تحریکوں کو عزم اور حوصلہ دیا۔سابق صدر نے کہا پیپلزپارٹی کے جیالوں نے جمہوریت کی خاطر بڑے وقار کے ساتھ تختہ دار پر چلے گئے، کوڑے کھائے اور جیلیں برداشت کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی جمہوریت کی مضبوطی اور بقا کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ بااختیار پارلیمان ہی جمہوریت کی پہچان ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے اتحادیوں کی مدد سے پارلیمان کو بااختیار بنایا۔ سابق صدر نے کہا کہ جمہوریت سے انحراف اور پارلیمان کو کمزور اور بے توقیر کرنے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہوا ہے۔ سابق صدر نے کہا ہر قسم کی مشکلات سے نکلنے کیلئے ضروری ہے کہ تمام فیصلے کرنے کا اختیار صرف عوام کی منتخب پارلیمان کو حاصل ہو۔