پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے NA-47 سابقہ فاٹا سے پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی جواد حسین نے ملاقات کرکے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، وزیر مملکت سیکریٹری اطلاعات پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور پیپلزپارٹی خیبرپختونخوا کے قائم مقام صدر اور وزیر مملکت محمد علی باچا بھی موجود تھے۔ سابق صدر نے جواد حسین کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان سے سابقہ فاٹا اور پاٹا کی صورتحال دریافت کی۔جواد حسین نے کہا کہ آپ کے دور میں فاٹا اور پاٹا میں کی گئی اصلاحات پر آپ کے مشکور ہیں۔جواد حسین نے کہا کہ سابقہ فاٹا اصلاحات کے تحت دی گئی چھوٹ کی مدت بڑھائی جائے جو اس علاقے اور عوام کی معاشی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ اس موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے وفد کی طرف سے سابقہ فاٹا اور پاٹا کی طرف سے علاقے میں ٹیکس کی چھوٹ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کے اس جائز مطالبے کی پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور حمایت کرتی ہے اور وہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت سے بات کریں گے۔