اسلام آباد (18جولائی 2022)
 پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے عمران خان کی الیکٹرانک میڈیا پر نشر کی جانے والی تقریر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا کردار چور مچائے شور کی طرح ہے۔ جھوٹ، گالی اور الزام تراشی عمران خان کا وطیرہ ہے مگر جھوٹ بولنے کا تماشہ زیادہ دیر نہیں چلے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عمران خان کی زبان لمبی اور ڈومیسائل سپر ہے اس لئے وہ اداروں کے خلاف زبان چلانے میں بھی آزاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چور نہیں ہیں تو عدالتوں سے حکم امتناع کیوں لیتے ہیں؟ بی آرٹی، مالم جبہ، بلین ٹری منصوبہ میگا کرپشن اسکینڈل ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ عمران خان فارن ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ روکنے کے لئے الیکشن کمیشن کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے انتخابات چاہتے ہیں جن میں ادارے اس کی ناجائز مدد کریں۔