چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جب بھی ملک میں مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کی وجہ سے عوام تکلیف میں ہوتے ہیں، تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب دیکھتے ہیں۔
میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے سکرنڈ میں اپنے استقبال کے لیے جمع ہونے والے کارکنان اور عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے علاوہ ملک کی باقی تمام جماعتیں اشرافیہ کی پارٹیاں ہیں، جو جب بھی اقتدار میں آتی ہیں تو وہ امیروں اور اپنے سرمائیدار دوستوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی کو جب بھی موقع ملتا ہے تو وہ عوام کو فائدہ پہنچاتی ہے۔ پی پی پی جب حکومت میں آتی ہے تو خواتین کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے انقلابی پروگرام لاتی ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ سال موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے جب رکارڈ بارشیں ہوئیں، تو سب سے زیادہ متاثر ہونے والا صوبہ سندھ تھا۔ سندھ کے بعد بلوچستان، پھر خیبرپختونخواہ اور پنجاب متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بارش متاثرین کی امداد اور بحالے کے حوالے سے باقی تمام پارٹیوں کی کارکردگی ایک طرف اور پاکستان پیپلز پارٹی کی کارکردگی دوسری طرف ہے۔ میں نے بارش متاثرین سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں گھر بناکر دیں گا۔ سندھ میں گھر بننا شروع ہوچکے ہیں۔ نہ صرف گھر بن رہے ہیں، بلکہ انہیں زمین کے مالکانہ حقوق بھی دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کی طرح، ملک کے دیگر صوبوں کے بارش متاثرین کو بھی ان کے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق دلوانا چاہتے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید بینظیر آباد کی عوام نے کبھی پارٹی قیادت کو مایوس نہیں کیا۔ آپ (شہید بینظیر آباد کی عوام) نے نہ میرے نانا قائدِعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو مایوس کیا، نہ میری والدہ کو مایوس کیا، نہ میرے دادا اور میرے والد کو مایوس کیا۔ میں بھی اسی طرح آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔
دریں اثناء، حیدرآباد سے سکرنڈ تک راستے میں آنے والے چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں پارٹی کارکنان اور شہریوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شاندار استقبال کیا۔ ماحول جیئے بھٹو، زندہ ہے بی بی زندہ ہے، اور وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری کے نعروں سے گونجتا رہا۔