پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ تمام انسانیت کے لئے تعلیمات، روایات اور اصولوں کا ایسا خزانہ چھوڑا ہے، جس کی پیروی کرنے سے زندگی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلامﷺ نے دنیا کو درگزر کرنا، ظلم و نا انصافی کے خلاف جدوجہد کرنا اور معاشرے میں مساوات و انصاف قائم کرنا سکھایا۔ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا پیغام انسانیت کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہے گا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی ذات کامل پوری دنیا کے انسانوں کے لئے ایک رول ماڈل ہے اور اس رول ماڈل کو سامنے رکھ کر ہمیں اپنے کرداروں کو تشکیل دینا ہوگا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ حضرت محمد مصطفیٰﷺکی تعلیمات کی پیروی ہی امت مسلمہ کو اقوامِ عالم میں عروج پر پہنچاسکتی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عید میلادالنبیﷺکو یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو حضرت محمد مصطفیﷺکی تعلیمات کے مطابق گزاریں گے اور نہ صرف اپنی ذات بلکہ پورے سماج میں امن، برداشت، بھائی چارے اور قربانی کے اس جذبے کو رائج کریں گے جس کے اصول ہمارے آخری نبی حضرت محمد مصطفیٰﷺنے دنیا کو سکھائے ہیں۔