پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بھوت سروے کے ذریعے مقبولیت کا پیمانہ جاری کرنا دھوکہ دہی اور فراڈ کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ ایک گیلپ سروے کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری چاروں صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یکساں مقبول ہے۔ آئندہ انتخابات میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ٹکٹ کامیابی کی ضمانت ہوگا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی روٹی، کپڑا اور مکان کے منشور پر ثابت قدم ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی انتخابات جیت کر نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرے گی کیونکہ روزگار ملے گا تو روٹی بھی ملے گی، کپڑا بھی ملے گا اور مکان بھی بن جائے گا۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ عام انتخابات جلد کرائے جائیں، سب کو پتہ چل جائے گا عوام میں کون مقبول ہے اور عوام اپنے ووٹ کے ذریعے کس کو اقتدار میں لاتے ہیں۔