پاکستان کے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کے نتیجے میں 6 افراد کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم لوگوں کو نشانہ بنانا ناقابل معافی جرم ہے۔ایک بیان میں آصف علی زرداری نے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔آصف علی زرداری نے کہا کہ وفاقی اور خیبرپختونخوا حکومتیں دہشت گردی کی نرسریوں کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ملک دشمنوں کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے۔