پاکستان پیپلز پارٹی کے سنٹرل الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے نواز شریف کے دعوے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعجب اس بات پر ہے کہ نواز شریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ تھرکول منصوبہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے شروع کیا تھا اور تھرکول سے بجلی کی پیداوار محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا خواب تھا۔ تھرکول کے حوالے سے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف تھر منصوبے نہ روکے رکھتا تو 20 سال پہلے یہ منصوبہ مکمل ہو چکا ہوتا۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے آئین کے آرٹیکل 172 کے تحت صوبے کو تھرکول منصوبے پر عمل کرنے کا اختیار دیا۔ انہوںنے کہا کہ نواز شریف تھر ضرور آئے تھے اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے پوچھتے رہے کہ کوئلہ کہاں ہے؟ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ 100فٹ نیچے ہے تو نواز شرفی نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ تھرکول منصوبے کی پہلی سمری پر میرے دستخط ہیں۔ تھرکول منصوبے پر وفاق کا ایک بھی روپیہ خرچ نہیں ہوا۔ تھرکول آج بجلی پیدا کرکے ملک کو روشن کر رہا ہے تو یہ کامیابی صدر آصف علی زردرای اور چیئرمین بلاول بھٹو کے مرہون منت ہے۔ سینیٹر تاج حیدر نے نواز شریف کو مشورہ دیا کہ تھرکول سے دور ہی رہیں تو بہتر ہے کیونکہ غلط بیانی کرنے سے قوم کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔