چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کی دیرینہ علیل کارکن زبیدہ شاہین کی عیادت کے بعد لاہور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاہور آکر ہمیشہ خوشی ہوتی ہے کیونکہ یہاں پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی اور ہم سب مل کر پارٹی کو لاہور میں وہی مقام پارٹی کو دلانے کی کوشش کریں گے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور میں مقام تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام اس وقت مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت عوام کی ترجمانی کرے گی اور ان کو درپیش مسائل حل کرے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف جنگ کی ہے۔ اس لئے ہم کہتے ہیں کہ ہماری کوئی سیاسی پارٹی مخالف نہیں بلکہ ہمارا مقابلہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ روایتی سیاسی پارٹیاں نفرت اور تقسیم کی سیاست کر رہی ہیں جبکہ ہم عوام کی خدمت کی سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ عوام کی مدد سے یہ تمام مسائل حل کر لیں گے۔ صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے پر عملدرآمد کرنا ہے۔ ماضی میں ہم نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسا انقلابی پروگرام متعارف کروایا تھا تاکہ غریب خواتین کو انتہائی غربت میں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اسی طرز پرہم یوتھ کارڈ متعارف کروانا چاہتے ہیں۔ ہم ان لوگوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں جنہیں ہماری مدد کی ضرورت ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ ہم نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک میں سرپرائز دیں گے۔ اور اگر ہمیں پنجاب میں لیول پلئینگ فیلڈ ملی تو ہم زبردست سرپرائز پنجاب میں بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک سیاسی پارٹی ہے اور سیاست میں مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں۔ اس وقت ہم ایسی صورتحال سے گزر رہے ہیں جہاں پاکستان میں تقسیم کی سیاست عروج پر ہے اور اگر ہمیں حکومت ملی تو ہم ہر ایک کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہم سب محب وطن پاکستانی ہیں اور پاکستان کے لئے ہم سب مل کر سخت محنت کریں گے۔ پاکستان اس وقت تاریخی معاشی بحران سے گزر رہا ہے اور اس سے نکلنے کے لئے ہمیں ایک نئے طرق کی سیاست کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے پارٹی کارکن بہادر اور ثابت قدم ہیں اور ڈکٹیٹرشپ کے بہیمانہ ادوار میں بھی وہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں پر فخر ہے جنہوں نے پارٹی اور جمہوریت کے لئے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے مزدوروں اور کسانوں کو ان کے حقوق دئیے۔