سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز سید نیر حسین بخاری نے سینٹ انتخابات کے لئے پارٹی ٹکٹ کے لئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی میڈیا آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سندھ اور پنجاب کے لئے 12-12 نشستوں جبکہ پختونخوا اور بلوچستان کے لئے 11-11نشستوں کے ساتھ اسلام آباد کی 2 نشستوں کے لئے پارٹی ٹکٹ کے خواہشمندوں سے 10مارچ تک درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ درخواستیں صدر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام ہوں گی اورپاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے نام ایک لاکھ کا بنک ڈرافٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا۔ سید نیر حسین بخاری نے پارٹی ٹکٹ کے لئے خواہشمندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنرل نشستوں، ٹیکنوکریٹ، خواتین اور مینارٹی نشستوں کے لئے درخواستیں زرداری ہاﺅس اسلام آباد یا بلاول ہاﺅس کراچی کے پتہ پر ارسال کی جائیں۔