سیکریٹر ی اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز شازیہ مری نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ ملک کے بہت بڑے مسائل ہیں۔ ملکی معیشت اہم معاملہ ہے، مہنگائی، بیروزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے بہت کام کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی راہنمائی سے ملک مشکلات سے نجات حاصل کریگا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ملک کوئی قوم نہیں چاہتی کہ قرضوں کی زنجیروں میں جکڑے رہیں ۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے خارجہ امور کو نئی سمت دی تھی۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی شب وروز محنت سے استفادہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی تکمیل ہماری قومی ضرورت ہے۔ شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویڑن کے تحت 17 وزارتیں ختم کرکے غربت کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اس حقیقت کو مد نظر رکھیں کہ موسمیاتی تبدیلی نے پاکستان میں تباہی مچائی ہے۔