پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے لاہورمیں NA-127 کے حلقہ PP-160 کے پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار میاں مصباح الرحمن کے دفتر پر مسلم لیگ(ن) کے عطا تارڑ کے حملے، لوٹ مار اور کارکنوں کے اغوا کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی یقینی کامیابی پر مریم نواز بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ پیپلزپارٹی کے امیدوار کے دفتر پر حملہ ، لوٹ مار، تشدد اور کارکنوں کا اغوا الیکشن کمیشن کے لئے ٹیسٹ کیس ہے۔ الیکشن کمیشن پر لازم ہے کہ وہ عام انتخابات کو پرامن رکھنے اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ سینیٹر پلوشہ خان نے عطا تارڑ کو مخاطب ہوتے ہوئے انہیں تنبہیہ کی کہ وہ گلوبٹ بننے سے پہلے گلو بٹ کا انجام یادرکھے۔ انہوں نے کہا کہ چھانگامانگا میںخریدوفروخت کی مسلم لیگ کی تاریخ رہی ہے۔ اب غنڈہ گردی اور بدمعاشی کے ذریعے انتخابات چوری کرنا چاہتی ہے۔ ن لیگ کو چاہیے کہ وہ انتخابات چوری کرنے کا خیال دل سے نکال دیں۔ پورے پنجاب میں ن لیگ کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے اس لئے اوچھی حرکتوں پر اترا ٓئی ہے۔